ڈکٹیٹر جنرل مشرف نے ملکی آئین توڑ کر سنگین جرم کیا، سجاد احمد چانڈیو

117

حیدر آباد (پ ر) عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ سجاد احمد چانڈیو، ایڈووکیٹ وسند تھری، ڈاکٹر رسول بخش خاصخیلی، حور النسا پلیجو، ایڈووکیٹ ساجد حسین مہیسر اور نور احمد کاتیار نے اپنے مشترکہ پریس بیان میں کہا ہے کہ ڈکٹیٹر جنرل مشرف نے ملکی آئین توڑ کر جو سنگین جرم کیا ہے، اس جرم کی سزا سو مرتبہ پھانسی کی سزا دی جائے وہ بھی بہت کم ہے۔ عوامی تحریک کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ آمروں نے بار بار ملک کا آئین توڑ کر اقتدار پر قبضہ کیا۔ ملک میں بڑے عرصے سے آمریتوں کی وجہ سے حقیقی جمہوریت کو شدید نقصان پہنچا۔ ملک میں آمریتوں کا راستہ روکا جاتا تو آج ملک کی یہ صورتحال نہ ہوتی۔ عوامی تحریک کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ جو بھی شخص پاکستان کا آئین اور قانون توڑتا ہے یا اس سے انحراف کرتا ہے وہ کسی بھی صورت میں ملک کا وفادار نہیں ہوسکتا۔ خصوصی عدالت کی جانب سے آمر جنرل مشرف کو سزا دینا پاکستان کی جمہوریت پسند عوام کی فتح ہے۔ کوئی بھی ملک آئین اور قانون کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کی علاوہ ترقی نہیں کرسکتا۔ خصوصی عدالت کے فیصلے اور خاص طور پر جج کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو جنرل یحی ٰ،جنرل ایوب، جنرل ضیاالحق اور جنرل مشرف کے مذہب اور انسان دشمن اقدام کیوں نظر نہیں آتے؟ تمام آمروں نے جو عوام کے ساتھ سلوک کیا وہ سب بھول جاتے ہیں۔ عوامی تحریک کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ملکی آئین اور قانون توڑنے والا شخص کتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو اس کو عبرتناک سزا دینی چاہیے۔