فیصلے کا پیرا نمبر 66 آپریشنل نہیں ،یہ جج کی ذاتی رائے ہے،بلاول

150

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے سابق صدر پرویز مشرف کے عدالتی فیصلے کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کے حل کے لیے عدالتی فورم اور قانون موجود ہے‘ پیرانمبر66 فیصلے کا آپریشنل پیرا نہیں ہے ‘ یہ جج کی ذاتی رائے ہے‘ اس کی آپریشنل حیثیت نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور مشرف کے لیے معاملے کو حل کرنے کے لیے مختلف فورم موجود ہیں جبکہ عدالتی فورم اور قانون بھی موجود ہیں جس سے رجوع کیا جاسکتا ہے‘ حکومت ہمیشہ الجھن کا شکار رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہوگا۔ اس سے قبل چیئرمین بلاول زرداری نے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 پاکستانیوں کی شہادت کی مذمت کی اور شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی خطے میں امن کے لیے بدترین خطرہ بن چکا ہے‘ عالمی برادری بھارت کی جانب سے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا نوٹس لے۔
بلاول