حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کو پھانسی کی سزا سنائے جانے کیخلاف حیدرآباد کی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیااور نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پرویز مشرف کو فوری طورپر باعزت بری کیا جائے۔ پاکستان سنی تحریک اور تاجر برادی کی جانب سے حیدرآباد چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما خالد حسن عطاری،کنوینر محمد عابد قادری، حیدرآباد چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر شاکر میمن،نائب صدر الحاج گلشن الہٰی قادری،لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے وائس چیئرمین یوسف میمن ،قاسم آباد نزنس فورم کے رہنما رحمت اللہ ساند ،انجمن تاجران سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد فیاض ایوان ،غازی صلاح الدین ، ڈاکٹر طاہر راجپوت اور احسان ناغڑ سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ آل پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ اور لیبر ونگ حیدرآباد ڈویژن کی جانب پارٹی رہنماؤں عدنان دیسوالی، خالدمیمن ، اکرم خان، مہرین ملک اور سیف الرحمن کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور پریس کلب پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اسی طرح قاسم آباد اور حیدرآباد کی محب وطن نامی تنظیم کی جانب سے بھی مہر شیخ، واجد علی شاہ شعیب علی اور دیگر کی قیادت میں ملک کے سابق صدر اور ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف اور پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی ۔اس موقع پر ریلیوںو احتجاجی مظاہروں سے خطاب میں رہنمائوں نے عدالتی فیصلے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی حفاظت کیلیے کئی جنگیں لڑ نے والا کسی صورت غدار نہیں ہو سکتا ،عوام اپنی فوج کے ساتھ کھڑ ے ہیں اور عوام کے دل آج بھی اپنی مسلح افواج کے ساتھ ڈھڑ کتے ہیں ۔رہنما ؤ ں نے کہا کہ سابق صدر پر ویز مشرف نے اپنے دور میں ملک کی تر قی اور دفاع کیلیے بے شمار قربا نیاں دی ہیں اور وہ ملک کے غدار نہیں ہو سکتے۔ رہنما ؤ ں نے مز ید کہا کہ ایسے کو ن سے سیاستدان اور حکمر ان ہیں جو آئین کو پا ما ل نہیں کر رہے، پھروہ آزاد کیوں ہیں؟انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرویز مشرف کی سز ائے موت کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے ۔علاوہ ازیں شہر کی مختلف سیاسی و سماجی اور تاجر تنظیموں کی جانب سے حیدرآباد شہر ،لطیف آباداور قاسم آباد کے مختلف چوراہوں اور شاہراہوں پر سابق صدر پرویز مشرف کی حمایت میں پوسٹرز اور بینرز بھی آویزاں کیے گئے ۔
مشرف ریلیاں و مظاہرے