ایل او سی پر فائرنگ سے بھارت اپنے جرائم نہیں چھپا سکتا، شہباز شریف

102

اسلام آباد (اے پی پی) (ن) لیگ کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی جانب سے بلاجواز فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے جرائم نہیں چھپا سکتی، ایل او سی پر فائرنگ کا مقصد بھارت میں جاری عوامی احتجاج سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نفرت، تعصب اور انسانیت دشمنی پر مبنی بھارتی جنونی رویے سے دنیا کا امن خطرے
سے دوچار ہے، نریندر مودی کی حکومت انسانیت دشمنی کا سیاہ باب معصوموں کے خون سے لکھ رہی ہے، دنیا کے انصاف پسند اور مہذب لوگ اس ظلم وبربریت کے خلاف نہ اٹھے تو دنیا جل کر خاک ہوجائے گی، ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہادتوں پر اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، فوجی مبصر گروپ کارروائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، بھارتی آرمی چیف کا بیان عکاس ہے کہ بھارت خطرناک عزائم کے ساتھ خطے میں آگ دہکانا چاہتا ہے۔