لاہور (نمائندہ جسارت )گور نر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے سے ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، عدالتی اور قانونی معاملات پر صرف حکومتی قانونی ٹیم ہی مؤقف دے گی، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، پی آئی سی معاملے پرجو بھی ذمے دار ہوگا کسی صورت سزا سے بچ نہیں سکے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں چیف اسکاؤٹس پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھانے کے حوالے سے منعقد تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے میں پیراگراف 66 پر پوری قوم کو
افسوس ہوا ہے، ملک میں جمہوریت مضبوط ہے اس لیے پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے سے جمہوریت اور حکومت کو کوئی خطر ہ نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بوائے اسکاؤٹس کی کار کردگی اور اس کے تربیتی مر اکز کے ذریعے ہر سال ہزاروں نوجوانوں کی تربیت قابل تعریف ہے، مجھے یقین ہے کہ ہمارے نوجوان قائداعظم محمد علی جناح کی تو قعات کے عین مطابق اپنے اندر ایک سچے اسکاؤٹس کی اعلیٰ اخلاقی صفات پیدا کر یں گے۔مزید براںچیف کمشنر بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن سرفراز قمر نے گور نر پنجاب سے عہدے کا حلف لیا۔