اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی جس میں ایم ایل ون سمیت سی پیک کے تحت پاکستان ریلوے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شیخ رشید احمد نے چیئرمین سی پیک کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کے آنے سے سی پیک کے تحت منصوبوں کو تقویت ملے گی، وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان ریلوے کے لیے ایک اہم منصوبہ ایم ایل ون ہے جو 14 سال بعد ایک حقیقی شکل اختیار کر گیا ہے جس کی تکمیل کے بعد ، ٹریک پرحد رفتار65سے 105کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 120-160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی، 2025 تک مال بردار نقل وحمل 6 سے 35 ٹن تک بڑھ جائے گی اور مال بردار نقل و حمل میں ریلوے کا حصہ بڑھ جائے گا،راولپنڈی اور کراچی کے سفر کا دورانیہ 10 گھنٹے ، راولپنڈی اور لاہور کا دورانیہ ڈھائی گھنٹے ، لاہور اور کراچی کا دورانیہ 8 گھنٹے رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کی لمبائی تقریبا 1800 کلومیٹر ہوگی اور نیا سگنلنگ سسٹم لگایا جائے گا، نئے ٹریک پر کوئی کراسنگ نہیں ہوگی اور ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل کے بعد ریلوے تمام موجودہ کراسنگز کو ختم کردیا جائے گا۔
سی پیک اتھارٹی