جنرل پرویز مشرف کو دی جانے والی سزا یکطرفہ فیصلہ ہے، عظیم قائمخانی

358

ماتلی (نمائندہ جسارت) تعلقہ ہیڈ کوارٹر ماتلی میں جنرل (ر) پرویز مشرف کی یکطرفہ سزا کیخلاف شہر کی سماجی، سیاسی اور تاجر برادری کے افراد نے اجتماعی طور پر ریلی نکالی اور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ المصطفیٰ چوک سے ماتلی کلب تک نکالی جانے والی ریلی کی قیادت ماتلی کی تاجر برادری کے جنرل سیکرٹری رائو مجاہد، عظیم قائم خانی، مرچومل، شوکت راجپوت، اشوک تلسی اور ایم ڈبلیو ایم رہنما جمیل منگنہار اور فرحان قنبرانی کررہے تھے۔ ریلی میں تاجران کمیٹی ماتلی، ہندو کمیونٹی، سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں سمیت عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا، پاک فوج اور پرویز مشرف کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔ شرکا نے پاکستانی پرچم، بینرز و پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر پرویز مشرف کی سزا کیخلاف اور پاک فوج کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مقررین نے کہا کہ خصوصی عدالت کی جانب سے پاکستان کے بہادر جنرل پرویز مشرف کو دی جانے والی سزا یکطرفہ اور انصاف کا خون کرنے والا فیصلہ ہے اور پاک فوج کو بدنام کرنے کے عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان پاکستان عوام اور پاک فوج کے درمیان انتشار پھیلانے کی ناپاک جسارت کررہے ہیں۔ پاکستان کے عوام ملک و قوم کے لیے قربانیاں دینے والی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ اپنے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والی پاک آرمی کے ساتھ ہے۔