اسلام آباد (آئی این پی) انٹر پول نے سابق صدر پرویز مشرف کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے ریڈوارنٹ کے اجراء سے انکار کر رکھا ہے،انٹرپول نے گزشتہ برس سابق صدر کے ریڈوارنٹ کے اجراء سے متعلق حکومت پاکستان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی نوعیت کے کیس انٹرپول کے آئین کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔ ذرائع کے مطابق خصوصی عدالت کے حکم پر وزارت داخلہ نے گزشتہ برس سابق صدر پرویز مشرف کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کی منظوری دی تھی جس پر ایف آئی اے نے سابق صدر پرویز مشرف کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے انٹرپول کو خط لکھا تھا تاہم انٹرپول نے سابق صدر پرویز مشرف کے ریڈوارنٹ جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے جوابی خط لکھا تھا کہ سیاسی نوعیت کے کیس انٹرپول کے آئین کے دائرہ کار میں نہیں آتے اس لئے ایسے کیسز میں ملزمان کے ریڈوارنٹ جاری نہیں کئے جاتے۔