پرویز مشرف کو سزائے موت کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج

137

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سنگین غداری کیس، سابق صدر پرویزمشرف کو سزائے موت کا فیصلہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیلنج کر دیا گیا۔ شہری محمود اختر نقوی کی جانب سے خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کر دی۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پر سنگین غداری ایکٹ لاگو نہیں ہوتا۔ آرٹیکل6 کو اٹھارہویں آئینی ترمیم میں تبدیل کیا گیا۔ پرویز مشرف نے2007ء میں ایمرجنسی لگائی۔ آئین میں اٹھارہویں ترمیم 2010ء میں کی گئی۔ پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں کوئی آئین وقانون شکنی نہیں کی۔ پرویز مشرف نے ریفرنڈم کے ذریعے اپنے اقتدار کو آئینی وقانونی حیثیت دی۔ جس شخص پر آئین شکنی کا اطلاق نہیں ہوتا اس پر آرٹیکل6 لاگو نہیں ہوتا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے خصوصی عدالت سے کیس کا تمام ریکارڈ منگوایا جائے۔