لاڑکانہ، دہرے قتل کا جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان کو عمر قید

111

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کی عدالت نے دہرے قتل کا جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان کو عمر قید اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی، جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزمان مزید دو سال قید کاٹیں گے۔ لاڑکانہ میں سیکنڈ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی عدالت میں سال 1994ء کے دوران زرعی زمین کے تنازعہ پر قتل ہونے والے بشیر آگانی اور لطف آگانی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مقدمے میں نامزد دو سگے بھائیوں عبدالستار آگانی اور امیر بخش آگانی کو عمر قید اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے، جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزمان مزید دو سال قید کاٹیں گے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے مختلف مقامات پر جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب اور اشتہاریوں سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات اور نقدی برآمد کرلی۔ ایس ایچ او رحمت پور انسپکٹر میران خان درانی نے جیکب آباد اور قنبر شہداد کوٹ سمیت مختلف اضلاع کے مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ علی جان ملگانی گروپ کے دو ملزمان مقیم ملگانی اور رفیق بلیدی کو چار، چار کلو چرس سمیت، ایس ایچ او مارکیٹ انسپکٹر خادم حسین مگسی نے ملزم امتیاز ابڑو کو ایک کلو ایک سو گرام چرس سمیت، ڈوکری پولیس نے دوران چیکنگ ملزم سیف اللہ ڈیرو کو چرس سمیت، حیدری پولیس نے اشتہاری ملزم سرفراز سانگی کو جبکہ حیدری پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپا مارکر دس جواریوں بابر، عبداللہ، ریاض، عابد، احتشام، منور، فیاض، قدوس مختار اور ریاض کو نقدی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔