سکھر (نمائندہ جسارت) کینالوں پر آپریشن کا معاملہ، دو لاشیں برآمد، مبینہ طور پر آپریشن کے دوران گرفتاری کے ڈر سے کینال میں چھلانگ لگانے والے دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، نوجوانوں کی پہچان ہیرو اور مکیش کے ناموں سے ہوئی۔ لواحقین کے مطابق نوجوانوں کی موت کی ذمہ دار انتظامیہ ہے، نوجوانوں کی لاشیں دادو کینال سے ملی ہیں، ایک ہفتہ قبل کینالوں پر آپریشن کے دوران مزاحمت پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی تھی، پولیس نے بڑی تعداد میں گرفتاریاں کر کے مقدمہ بھی درج کیا تھا۔ بیراج سے نکلنے والے کینالوں کے اطراف میں آباد مکینوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے کئی مظاہرین نے رائس کینال میں چھلانگ لگا دی تھی، تاہم دو نوجوان آپریشن کے بعد سے گم تھے۔ جواں سالہ نوجوانوں کی لاشیں ملنے پر آپریشن سے متاثرہ مکینوں میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ لواحقین کے مطابق بچوں کی موت کے ذمے دار سکھر پولیس ہے، جس کیخلاف کارروائی کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ لاشیں ملنے والی جگہ پر میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ پہنچ گئے، میئر سکھر کا لوگوں نے گھیراؤ کرلیا، لوگ مشتعل ہوگئے اور میئر اور انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔