خورشید شاہ کی ضمانت کا فیصلہ چیلنج ،فریال تالپور کو رہا کردیا گیا

127

کراچی +سکھر(نمائندگان جسارت ) نیب نے احتساب عدالت سکھر کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی کا فیصلہ سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا جبکہ جعلی اکائونٹس کیس میں فریال تالپور کی رہائی کا پروانہ جاری کردیا گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق نیب نے احتساب عدالت سکھر کی جانب سے پی پی رہنما خورشید شاہ کو ضمانت پر رہا کرنے کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے نیب کا مؤقف سنے بغیر اور خلاف قانون خورشید شاہ کو رہا کیا، خورشید شاہ ریمانڈ پر ہیں ان کے خلاف تحقیقات جاری ہے، احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، گزشتہ روز احتساب عدالت سکھر نے50 لاکھ روپے ضمانت کے عوض خورشید شاہ کو رہا کیا تھا، درخواست پر سماعت  کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کو سکھر بینچ منتقل کر دیا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی اکائونٹس کیس میں فریال تالپور کی رہائی کا پروانہ جاری کردیا گیا، جج اعظم خان نے روبکار جاری کر دیے، روبکار سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے نام جاری کیا گیاجس میں کہا گیا ہے کہ دوسرا کیس نہیں تو فریال تالپور کو رہا کیا جائے۔ قبل ازیںاسلام آباد ہائی کورٹ نے فریال تالپور کو طبی بنیادوں پر رہا کیا تھا اور پی پی رہنما کو ایک کروڑ روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کاحکم دیا تھا۔رہائی کے بعد آصف زرداری کی ہمشیرہ اور پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور کراچی پہنچ گئیں۔ ائرپورٹ پر جیالوں کی بڑی تعداد نے ان کااستقبال کیا۔اس موقع پر جناح سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ شعبہ خواتین کی مرکزی صدر کی آمد کے موقع پر خواتین کارکنان بھی موجود تھیں جبکہ جیالے پارٹی جھنڈے تھامے نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ فریال تالپور ائرپورٹ سے باہر آئیں تو انکے ہمراہ آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔ ائرپورٹ سے وکٹری کا نشان بنا کر روانہ ہونے والی فریال تالپور نے ضیاالدین اسپتال میں بیمار بھائی آصف زرداری کی عیادت کی۔
خورشید شاہ رہائی