لٹیروں کو کوئی پوچھنے والا نہیں‘حالات بگڑتے دیکھ رہا ہوں‘ شیخ رشید

260

اسلام آباد( آن لائن )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ حالات کو مزید بگڑتے ہوئے دیکھ رہا ہوں ، فوج میں کبھی ایسا غم و غصہ نہیں دیکھا، زندگی کا سب سے تلخ بیان ہے جو آئی ایس پی آر نے جاری کیا،جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں اور جس شخص نے سیاچن اور کارگل میں فتح کے جھنڈے گاڑنے اور جنگی محاذ پر فتح حاصل کرنے والے کو غدار قرار دے دیا گیا ،ہمیں اختلافات ختم کرنے چاہییں ،عدالتی فیصلے سے فاصلہ بڑھے گا۔ راولپنڈی میں کشمیری رہنما چودھری غلام عباس کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے مزیدکہا کہ میں نے کشمیر کی جدوجہد آزادی کو بہت قریب سے دیکھا ہے، کشمیریوں نے بے سرو سامانی میں جدوجہد شروع کی، کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کے لیے خون کے نذرانے دینے ہوں گے، کشمیری قوم بہت ذہین ہے ،پاکستان جدوجہد آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، جو کشمیریوں کو بے وقوف سمجھتا ہے اس سے بڑا کوئی بے وقوف نہیں،ان کے پاس دنیابھر کی معلومات ہیں، کشمیر کے معاملے پر پاکستان میں سب متفق ہیں، کشمیری پاکستان میں بھی اپنی جماعتیں بنائیں، وزیراعظم آزادکشمیر سے کہتا ہوں کہ گلی محلوں میں ریلیاں نکالی جائیں، میری خواہش تھی کہ یو پی اور سی پی کا مسلمان جاگے، آج بھارت کا مسلمان جاگ رہا ہے.وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں ہمیں مداخلت کی ضرورت نہیں، ہمارا رشتہ پاکستان کے عوام کے ساتھ ہے کسی حکومت کے ساتھ نہیں، کشمیری قیادت کی 1958کے بعد قدروقیمت نہیں کی گئی۔