سرکاری ملازمین کے ذریعے پرویز مشرف کے حق میں مظاہرے

216

اسلام آباد، پشاور،ڈیرہ بگٹی،دبئی(صباح نیوز + نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک)سرکاری ملازمین کے ذریعے پرویز مشرف کے حق میں مظاہرے۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ(اے پی ایم ایل)نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلہ آنے پر اسلام آباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا ،مظاہرے میں پرویزمشرف اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ 2007 ء میں دائر ہونے والے کیس پر 2010 ء کا قانون کیسے لاگو ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل کے رہنمائوں اور کارکنان نے کہا کہ فیصلے کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے جب کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے پرویز مشرف اورپاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمدنے کی۔ریلی میں اساتذہ اورطلبہ بھی شریک ہوئے، ریلی کے شرکا ء نے پرویز مشرف اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میںبھی جنرل(ر) پرویز مشرف کے حق میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں ۔پشاور میں ہشتنگری جبکہ دیر میں شہید چوک تیمرگرہ سے بلامبٹ تک ریلی نکالی گئی۔ اسی طرح ہنگو اورمانسہرہ میں ہونے والے مظاہرے میں تاجروں، سول سوسائٹی ،ٹرانسپورٹرز اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف پاکستانی عوام کے ہیرو ہیں جبکہ عدالتی فیصلہ یک طرفہ ہے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مشرف زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور پاک فوج کو عزت دو کے نعرے لگائے۔مقررین نے کہا کہ مشرف نے3 جنگیں لڑیں اور خانہ کعبہ کو خوارج سے آزاد کرایا جبکہ پرویز مشرف عظیم جرنیل رہے۔ مقررین نے کہا کہ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ڈیرہ بگٹی میں سوئی کے علاقے اللہ والی چوک پر بھی پرویز مشرف کے حق میں ریلی نکالی گئی۔ریلی پاکستان ہائوس سے اللہ والی چوک تک نکالی گئی۔سبی سول سوسائٹی کی جانب سے بائی پاس قومی شاہراہ پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا گیا، جس سے ٹریفک متاثر ہوگئی۔میرپور خاص، دادو، سجاول میں بھی شہریوں نے عدالت عظمیٰ سے خصوصی عدالت کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔ایبٹ آباد میںآل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) اور سول سوسائٹی کی جانب سے سپلائی سکندرآباد سے مین بازار تک ریلی نکالی گئی۔ علاوہ ازیںایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر اور میئر کراچی وسیم اختر اور رکن رابطہ کمیٹی حیدر عباس رضوی نے دبئی میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے ملاقات کرکے ان کی عیادت کی۔وسیم اختر اور حیدر عباس رضوی نے سابق صدر کے خلاف خصوصی عدالت کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ایم کیو ایم کی جانب سے پرویز مشرف کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔وفد نے سابق صدر کو یقین دلایا کہ ایم کیو ایم پاکستان خصوصی عدالت کے افسوسناک فیصلے کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کرے گی۔جس پر سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ رابطہ کمیٹی کے وفد نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔