پرویز مشرف کی سزا کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا جا رہا،فوادچودھری

129

اسلام آباد،جدہ(آن لائن+صباح نیوز)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچودھری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کی مشرف فیصلے سے منسوب گفتگو کی وضاحت ضروری ہے۔بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فوادچودھری نے کہا کہ تاثر ملتا ہے کہ چیف جسٹس مقدمے پر اثر انداز ہوئے اور مخصوص فیصلہ حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا،یہ انتہائی نا مناسب بات ہے جو چیف جسٹس سے منسوب کی گئی ہے۔علاوہ ازیںجدہ کی معروف سماجی شخصیت کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ جنرل (ر)پرویز مشرف کو دی جانے والی سزا کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا جا رہا،ملک میں افراتفری اور انتشار نہیں ہونا چاہیے،اداروں کو ایک دوسرے کے وقار کا خیال رکھنا چاہیے، مل بیٹھ کر مسائل کا حال نکالنا ہوگا،اگر عوام یہ سوال کریں کہ مشرف دور میں پی سی او کے تحت حلف لینے والے ججز کا کیا ہوا تو اس سے ماحول خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھ مشاورت وقت کا تقاضا ہے،پاکستان کی سیکورٹی پالیسی میں جی ایچ کیو کا انتہائی اہم کردار ہے،پاکستان میں اداروں کو ٹکرائو کے بجائے مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔