چیف جسٹس کی گفتگو سے تاثر ملتا ہے کہ وہ پرویز مشرف کے مقدمے پراثراندازہوئے،فواد چوہدری

644

اسلام آباد: وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسا کی گفتگو سے تاثر ملتا ہے کہ وہ سابق صدر پرویز مشرف کے مقدمے پراثراندازہوئے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک خبر کو اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نےکہا کہ اگر پرویزمشرف کیس کا فیصلہ نہ کرتے تو یہ معاملہ کئی سال تک چلتا رہتا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی گفتگو سے تاثر ملتا ہے کہ وہ مقدمے پراثراندازہوئے، یہ انتہائی نا مناسب بات ہے جو چیف جسٹس سے منسوب کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو اس گفتگو کی وضاحت دینا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ تاخیری حربوں کے باوجود مشرف کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر پرویز مشرف کے کیس کے متعلق چیف جسٹس نے غیر رسمی گفتگو میں کہنا تھا کہ پرویز مشرف کا کیس بالکل واضح تھا، سابق صدر کو متعدد مواقع دیئے گئے لیکن وہ معاملے کو طول دینا چاہتے تھے۔