نوابشاہ (نمائندہ جسارت)صوبائی وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر کی جانب سے نوابشاہ میں کھلی کچہری کا انعقاد عوام کی جانب سے مسائل پیش صوبائی وزیر نے مسائل کے فوری حل کے لیے افسران کو ہدایات جاری۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت وپاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی جانب سے عوام کے مسائل معلوم کرنے اور ان کے فوری حل کے لیے آج ڈپٹی کمشنر آفس کے دربارہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت وپاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات پر عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے صوبائی وزرا تمام اضلاع میں کھلی کچہریاں منعقد کریں گے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں ۔صوبائی وزیر نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایات دیں کہ عوام کے جائز مسائل فوری حل کیے جائیں جائز مسائل کے حل میں رکاوٹ بننے والے افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ملازمتوں کے لیے درخواستیں دینے والے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے مختلف محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتی کے لیے تمام جلد اخبارات میں اشتہارات شائع کیے جائیں گے نوجوان اپنی قابلیت کے تحت ملازمتوں کے لیے درخواستیں دیں تاکہ ان کو میرٹ پر روزگار فراہم کیا جاسکے ۔کھلی کچہری میں شریک عوام کی جانب سے زمینوں و املاک پر قبضوں، سڑکوں کی تعمیر، اسکول و صحت مراکز کی فراہمی کے علاوہ پولیس، ریونیو،آبپاشی، تعلیم،پبلک ہیلتھ، صحت ودیگر محکموں کے متعلق شکایات کی اور درخواستیں دیں ان مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے صوبائی وزیر نے موقع پر موجود ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی، ایڈیشنل ڈائریکٹر تعلیم، ایکسیئن آبپاشی وپبلک ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے موجود افسران کو احکامات جاری کیے اور کہا کہ عوام و پارٹی ورکروں کے جائز مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور کسی بھی شخص کا کوئی غیرقانونی کام ہرگز نہ کیا جائے۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد ابراراحمد جعفر، ایس ایس پی تنویر حسین تنیو،ایڈیشنل ڈائریکٹر تعلیم راضی خان جمالی،ڈائریکٹر اطلاعات شفیق حسین میمن،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید سموں،پ پ ضلع صدر علی اکبر جمالی اورچودھری جاوید آرائیں سمیت تمام محکموں کے افسران اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نوابشاہ ،فریال تالپور کی رہائی ،
جیالے خوشی سے جھوم اٹھے
نوابشاہ)نمائندہ جسارت)آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کی رہائی پر جیالے خوشی سے جھوم اٹھے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑامٹھائی تقسیم ۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بہن اور پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر ایم پی اے فریال تالپور کی ضمانت پر رہائی پرجیالے خوشی سے جھوم اٹھے اور دھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا۔ اس موقع پر جیالوں نے مٹھائی بھی تقسیم کی۔