عثمان اور کراچی کلب شکریہ جناح باسکٹ بال کے فائنل میں

149

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ ) کے زیر اہتمام کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ پر بابا ئے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے “شکریہ جناح ؒ”باسکٹ بال ٹورنامنٹ” کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ،کرنل ساجد شریف ملک نے پروقار تقریب میں ٹورنامنٹ کا آغاز کیا اس موقع پر میجر امیر حیدر ڈی ایس آرسندھ رینجرز طارق خٹک ،طاہر نیازی ،پاکستان باسکٹ بال فیدریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی ،سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر سید محفوظ الحق ،کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان ،لاہور باسکٹ بال ایسوسی ایشن مطاہر نعیم ،سندھ فٹ بال ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد سلیم خمیسانی ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد ،قومی سلیکٹر عبدالناصر ،محمد یعقوب ،اور دیگر موجود تھے میچ سے قبل شہداء آرمی پبلک اسکول پشاور کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی ۔شکریہ جناح ؒ باسکٹ بال ایونٹ میں کھیلے گئے میچوں میں پہلا میچ عثمان باسکٹ بال کلب نے مد مقابل سول باسکٹ بال کلب کو 47کے مقابلے میں 49باسکٹ پوائنٹس سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی فاتح کلب کی جانب سے شارق سلیمان 19،ہمایوں اسلم 10اور سمیر احمد نے6جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے فیضان یوسف 12،عبید حفیظ 11اور محمد زید نے10پوائنٹس اسکور کیے ۔کھیلے گئے دوسرے اہم میچ میں کراچی باسکٹ بال کلب نے مد مقابل آرام باغ باسکٹ بال کلب کو شاندار مقابلے کے بعد 46کے مقابلے میں 50باسکٹ پوائنٹس سے مات دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا فاتح کلب کی جانب سے دانیال احمد 14،راج کمار12اور عمر خان نے 10جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے راج کمار لکھوانی 12،راحیل مبین 12،عبدالرحمن 10اور اسد حفیظ نے 9پوائنٹس اسکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے ۔کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض زاہد ملک ،سید مصنف شاہ اور ممتاز احمد نے انجام دیے جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز زعیمہ خاتون ،نعیم احمد ،ظفر اقبال اور میڈیا کوارڈینٹر محمد ارشد تھے ۔ٹورنامنٹ کے منتظم اعلیٰ غلام محمد خان کے اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کا میگا فائنل آج 8بجے شب آرام باغ باسکٹ بال پر کھیلا جائیگا ،شکریہ جناح ؒ باسکٹ بال ٹرافی کے حصول کے لئے عثمان باسکٹ بال کلب اور کراچی باسکٹ بال کلب پنجہ آزمائی کرینگے ۔