گھوٹکی،اسلام آباد( نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف سے متعلق خصوصی عدالت کا فیصلہ تاریخی ہے اور اس سے پیغام ملا ہے کہ کوئی آمر آئندہ اس قسم کا کوئی غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھا سکے گا۔گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ پرویز مشرف سے متعلق خصوصی عدالت کا تفصیلی فیصلہ نہیں پڑھا لیکن اس حوالے سے جتنا علم میں آیا ہے اس کے مطابق یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں عدلیہ کی جانب سے پہلی بار ایسا فیصلہ آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے 2007 میں کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، اس وقت شاید کئی لوگوں کو میری یہ بات سمجھ میں نہیں آئی تھی لیکن آج کا فیصلہ آنے کے بعد لوگوں کو میری بات سمجھ آگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت کے حق میں ہیں، ہماری جدوجہد بھی جمہوریت کے لیے ہے اور اگر ہم ملک میں جمہوریت لانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو عوام کے مسائل حل کر سکتے
ہیں، آج کا یہ فیصلہ پیغام ہے کہ کوئی آمر آئندہ اس قسم کا کوئی غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھا سکے گا۔فریال تالپور اور خورشید شاہ کی ضمانت پر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان ڈیل کی افواہوں کے حوالے سے بلاول زرداری نے کہا کہ ہمارے سیاسی قیدیوں کے خلاف ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوسکا، عدالتوں کے سامنے ہمارا یہی کیس تھا کہ جب تک آپ کسی کو سزا نہیں سناتے انہیں کیسے قید میں رکھا جاسکتا ہے جبکہ عدالتوں سے انصاف مانگنا ہمارا قانونی حق تھا۔انہوں نے کہا کہ جب تک آپ مجرم ثابت نہیں ہوئے ہوں تو اس طرح کسی کو سیاسی لوگوں کو قید میں رکھنا انتقام کی ایک روایت ہے جسے رکنا چاہیے، اس کا انصاف اور قانون کی عملداری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
بلاول زرداری