اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید ایل این جی کیس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کےخلاف گواہی دیں گے۔
ایل این جی کیس ميں بڑی پیشرفت کی صورت میں وزیر ریلوے شيخ رشيد ايل اين جی کيس ميں ليگی رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کے خلاف احتساب عدالت میں نيب کے پہلے گواہ ہوں گے۔
ایل این جی ریفرنس میں نیب گواہان کی فہرست کے مطابق استغاثہ کی جانب سے مجموعی طور پر 59 گواہان عدالت میں پیش کيے جائيں گے جن ميں وزارت توانائی کے 4 افسران بھی شامل ہيں۔
گواہان کی فہرست ميں وزارت توانائی کے محمد حسن بھٹی، نواز ورک، عبدالرشید جوکھیو اور عمر سعید بھی شامل ہیں، قائمقام جنرل منیجر سوئی سدرن گیس فصیح الدین اور ڈائریکٹر پوسٹ قاسم اتھارٹی جمیل اجمل بھی استغاثہ کے گواہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ شیخ رشید کئی بار شاہد خاقان پر کرپشن کے الزامات اور مناظرے کا چیلنج دے چکے ہیں، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر بطور وزیرِ پیٹرولیم ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو دينے کا الزام ہے، نیب کے مطابق ٹھیکے سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔