گوادر،چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب

161

 

گوادر(نمائندہ جسارت ) چائنا ایڈ اسپتال اور چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا قیام سے اہل گوادر کو طبی سہولیات اور فنی تعلیم کے حصول میں آسانی پید ا ہوگی۔ چائنیز حکومت کی ان شعبوں میں سرمایہ کاری پاکستان دوستی کی لازوال مثال اور گرانقدر تحفہ ہے۔ بلوچستان میں سر مایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ بلوچستان حکومت نے مائینز پا لیسی منظوری کی ہے۔ بلوچستان سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ جگہ بن چکی ہے۔ ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی اور چائنیز قونصل جنرل مسٹر وانگ نے یہاں گوادر میں چائنا بزنس سینٹر میں چائنا ایڈ اسپتال اور چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقر یب سے خطاب کے دوران کیا۔ دونوں منصوبوں کا سنگ بنیاد صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے نقاب کشا ئی کرکے رکھ دیا ہے۔ تقر یب سے اپنے خطاب کے دوران صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی کا کہنا تھاکہ بلوچستان سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری کے لیے محفوظ جگہ بن چکی ہے یہاں معد نیات اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سر ما یہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں جن کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ یہاںآکر سر مایہ کاری کریں حکومت ان کو ہر ممکن سہولیات اور تحفظ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں حکومت بلوچستان نے مائینز پا لسیی کی باقاعدہ منظوری بھی دی ہے جس کا مقصد یہاں پر معدنیات کے استعمال اور صوبہ کو ترقی دینا ہے تاکہ روزگار کے نئے در پید اہونے کے ساتھ ساتھ خوشحالی کے اقدامات کو مہمیز فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گوادر میں اسپتال اور فنی ادارے کے قیام کے منصوبوں کو خوش آمدید کہتی ہے یہ قدم پاک چین دوستی کی لازوال دوستی کامظہر ہے اسپتال اور ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے اہلیان گوادر کو صحت عامہ کی سہو لیات اور فنی تعلیم کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی جس پر ہم چائینز حکومت کے بے حد مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ گوادر میں میگا منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ اہلیان گوادر کے لیے سوشل سیکٹر کے اس طرح کے منصوبوں کے قیام کا تسلسل جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت بھی گواد رمیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے گوادر میں بجلی کے بحران پرمستقل طور پر قابو پانے کے لیے گوادر کو بہت جلد نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائے گا جس کے بعد یہاں توانائی کابحران پیدا نہیں ہوگا۔ تقر یب سے خطاب کر تے ہوئے چائنیز قونصل جنرل مسٹر وانگ کا کہنا تھا کہ چائنیز حکومت گواد ر کی تعمیر او ر ترقی کی راہ پر گامزن کر نے کے ساتھ ساتھ علاقے کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے جذبہ سے بھی سرشار ہے اسپتال اور ٹیکنیکل انسٹیوٹ کے قیام کے منصوبے اسی کا تسلسل ہے ہم پاکستان کو معاشی طور پر ایک مستحکم ملک دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ اہلیان گوادر کو طبی اور فنی تعلیم کی سہولیات کی فراہمی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس کا مقصد مقامی لوگوں کو ترقی کے عمل میں شراکت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال اور ٹیکنیکل انسٹیوٹ کا منصوبہ 327ملین روپے کی گرانٹ سے مکمل کیا جائے گا اسپتال عصر حاضر کے تمام طبی سہو لیات سے مزین ایک سو پچاس بیڈ کی اسپتال ہوگی جبکہ ٹیکنیکل انسٹیوٹ میں فنی تعلیم کی فراہمی کے لیے جد ید مشنری اورآلات نصب ہونگے۔ تقر یب سے چیئر مین جی پی اے گوادر نصیر کاشانی، چیئر مین چائنا پورٹ اینڈ ہولڈنگ کمپنی بائو ژنگ اور جی ڈی اے گوادر شازیب کاکڑ اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقر یب میں صوبائی وزیر ریو نیو سلیم کھو سو، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے فشر یز حاجی اکبر آسکانی، مشیر صوبائی حکومت مبین خلجی، جی او سی پاک فوج میجر جنرل عامر نجم،کموسٹ پاک نیوی کموڈور سید فیصل شاہ ، ڈپٹی کمشنر گوادر محمد وسیم اور دیگر سول اور فوجی حکام بھی موجود تھے۔ آخر میں صوبائی وزرا اور دیگر مہمانوں میں سوینئر کے تحائف پیش کیے گئے ۔