چیئرمین نیب بتائیں پہلے ہوائیں کہاں سے آرہی تھیں، شاہد خاقان

105

 

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مر کزی رہنماوسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب بتائیں پہلے ہوائیں کہاں سے آرہی تھیں۔پیر کواحتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سارے کرپٹ لوگ پی ٹی آئی میں ہیں، ٹیکس چور پی ٹی آئی میں بیٹھے ہیں، بات چیت کس بات پر کریں، کیا ضمیر بیچ دیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا معاملہ سیدھا سا ہے،چیف الیکشن کمشنر کے لیے اپوزیشن حکومت کے ایک نام پر اتفاق کرلے اور بلوچستان، سندھ کے ارکان کے لیے حکومت اپوزیشن کے تجویز کردہ نام مان
لے۔آرمی چیف کی توسیع سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ توسیع معاملے کو کھیل تماشا نہ بنائیں، آرمی چیف کی ایکسٹینشن کی قانون سازی ہونی چاہیے۔قبل ازیں احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی عدالت نے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اورسابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل ودیگر کیخلاف ایل این جی کیس کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے دوران سماعت استفسار کیا کہ ایل این جی کیس میں باقی ملزمان کہاں ہیں ،جس پر وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے نہ اْنہیں گرفتار کیا اور نہ ہی کوئی نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے اگلی پیشی پر شریک ملزمان کو طلب کر لیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایل این جی کیس میں جتنے بھی ملزمان ہیں وہ 6 جنوری کو عدالت کے سامنے پیش ہوں۔