بائیس دسمبرکو جماعت اسلامی کا کشمیر مارچ ڈی چوک اسلام آباد میں ہوگا

158

لاہور( نمائندہ جسارت )جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہاہے کہ 22 دسمبر کو جماعت اسلامی کا کشمیر مارچ ڈی چوک اسلام آباد میں ہوگا جس میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد جماعت اسلامی نے ملک بھر میں کشمیر بچائو مارچ کا انعقاد کیا اور رائے عامہ کو بیدار کیا، 22 کروڑ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور حکومت کی طرف سے کوئی بھی اقدام نہ کرنے پر غم و غصے کا شکار ہیں،کشمیر میں گزشتہ 132 دن کے کرفیوسے ایک بڑا سانحہ جنم لے چکاہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ ہے، پاکستان اپنی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے تنہائی کاشکار ہے، وزیراعظم کشمیر کا مسئلہ حل کرانے کے بجائے دیگر ممالک کے دورے کسی اور ایجنڈے پر کر رہے ہیں ۔ کشمیر مارچ کی تیاریاں ملک بھر میں جاری ہیں کل سے یہ تیاریاں ضلع، تحصیل اور یو سی کی سطح پر حتمی مرحلے میں داخل ہوں گی۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امیر لیاقت بلوچ اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین اس تاریخی کشمیر مارچ سے خطاب کریں گے ۔