سکھر، میونسپل کمیٹی روہڑی کی جانب سے کتا مار مہم میں تیزی

163

سکھر (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی روہڑی کی جانب سے کتا مار مہم میں تیزی، شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں آوارہ کتو ں کو زہر دے کر مار دیا گیا، سندھ کے بیشتر اضلاع میں کتامار مہم کے باعث کتا مار زہر کی قلت، قیمت میں اضافہ ہوگیا رواں سال کے دوان اندرون سندھ کتوں کے کاٹنے سے24ہلاکتوں کے واقعات رونما ہوئے۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں کتوں کے کاٹنے سے بچوں کی ہلاکتوں کے واقعات کے بعد میونسپل کمیٹی روہڑی نے شہر بھر میں جاری کتامار مہم کو مزید تیزکردیا ہے اور میونسپل عملہ کی جانب سے جمعہ کے روز روہڑی کے علاقے مسان روڈ،مسان قبرستان،جی ٹی روڈ، اسٹیشن روڈ، کندھرا ناکہ سمیت دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے درجنوں آوارہ کتوں کو زہر دے کر مار دیا گیا اور میونسپل سینیٹری عملے کی جانب سے مردہ کتوں کو شہر کے باہر ٹھکانے لگا دیا گیا۔ اس سلسلے میں میونسپل چیئرمین روہڑی شکیل عمر میمن نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی روہڑی کی جانب سے گزشتہ کئی سال سے کتامارمہم جاری ہے تاہم سندھ کے بیشتر اضلاع میں کتوں کے بچوں کو کاٹنے کے واقعات میں اضافے کے باعث مہم میں تیزی لائی گئی ہے اور میونسپل کمیٹی روہڑی ماہانہ چالیس ہزار روپے سے زائد کا فنڈ کتا مار مہم کے لیے زہر کی خریداری پر خرچ کیا جارہا ہے تاکہ شہر ی کتوں کے کاٹنے سے محفوظ رہ سکیں۔