کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاکستان کسٹم نے بلوچستان کے ضلع پشین میں کارروائی کرتے ہوئے 4 کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی سگریٹ برآمد کرلی۔ ترجمان کسٹم کے مطابق کارروائی یاررو چیک پوسٹ پر کی گئی، جہاں افغانستان سے آنے والے ایک ٹرک کی تلاشی کے دوران غیر ملکی سگریٹ کے 600 کارٹن برآمد کرلیے گئے۔ کارٹن پیازوں کے نیچے چھپائے گئے تھے، کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سگریٹ کی قیمت 4 کروڑ روپے بنتی ہے۔ ٹرک کے ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔