گوادر (مانیٹرنگ ڈیسک) ملکی برآمدات سے متعلق ایک اور سنگ میل عبور، گوادر بندرگاہ سے برآمدات کا عمل شروع کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ گوادر بندرگاہ سے سی فوڈ کے کنٹینرز کی بڑی کھیپ منزل کو روانہ کردی گئی ہے جب کہ مچھلیوں سے بھرے 3 کنٹینر بھی روانہ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحری جہاز کے ذریعے سی فوڈ مشرق بعید کیلیے روانہ کیاگیا ہے، گوادر بندر گاہ سے برآمدات بڑھنے سے کراچی بندرگاہ پردباؤ کم ہوگا۔ مشیر تجارت کا کہنا ہے کہ گوادر بندرگاہ سے برآمدات کم وقت میں دیگر ممالک کو پہنچیں گی۔