عمران حکومت غلطیاں تسلیم کرنے کے بجائے استعفا دے، مریم اورنگزیب

543

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے مشیر کے بی آر ٹی منصوبے میں غلطیاں تسلیم کرنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غلطیاں تسلیم کرنے کے بجائے عمران صاحب اپنے وزیروں مشیروں سمیت استعفا دیں۔انہوں کہا کہ عمران خان معیشت کا دیوالیہ نکال کر، روزگار، کاروبار اور صنعتیں بند کرا کر، غلطی ہو گئی کہہ کر بھاگ جائیں گے، لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے، عمران صاحب کی نالائق اور نااہل حکومت نے پاکستان کو بدترین حالات کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، عمران خان ملک کا بیڑہ غرق کرکے یہ ہی کہیں گے کہ غلطی ہوگئی، عوام کے 125 ارب کے بدلے پشاور میٹرو کے کھڈے اور اب کہتے ہیں کہ غلطی ہوگئی، غلطی تسلیم کرنے سے معافی نہیں ملے گی، عمران خان کی پوری نالائق حکومت پر کیس بنایاجائے، شہبازشریف نے 90 ارب میں چار میٹروز بنائیں، عمران صاحب 125 ارب کے کھڈے کھود کرکہتے ہیں کہ غلطی ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن چند پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا، وہ توبہ کرتے ہوئے آج اللہ تعالی سے اپنی غلطی کی معافی مانگ رہے ہیں 16 ہزار ارب کا تاریخی قرض، 14 فیصد مہنگائی، ترقی کی شرح اڑھائی فیصد، بجلی کی قیمت میں 100 اور گیس کی قیمت میں 200 سو فیصد اضافہ اور کہتے ہیں کہ غلطی ہوگئی۔