لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) گھریلو تنازع پر خاتون نے مبینہ طور پر دو بیٹیوں کو نہر میں پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا دی علاقہ مکینوں کی جانب سے ایک بچی کو بچا لیا گیا دیگر کی تلاش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق نوڈیرو کے غریب آباد محلہ کی رہائشی 26 سالہ کونج خاتون نے مبینہ طور پر شوہر سے ناراض ہو کر دو بچیوں کو دادو کینال میں پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا دی واقع نوڈیرو کے ٹی ممتاز تھانہ کی حدود پیر جان محمد کے قریب پیش آیا تاہم بچیوں کی چیخ وپکار پر علاقہ مکینوں نے ایک 6 سالہ بچی رضوانہ کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچی تاہم رضوانہ نے پولیس کو بیان دیا کہ اس سمیت اس کی والدہ اور بہن نے نہر میں چھلانگ لگائی جبکہ دو بچی مینا اور کونج خاتون کی تلاش جاری ہے۔ خاتون کے بھائی محمد خان کھوکھر کا کہنا تھا کہ ان کے بہنوئی کی دو شادیاں ہیں نظام کھوکھر مبینہ طور پر بہن پر تشدد کرتا تھا، جس کی وجہ سے بہن نے انتہائی قدم اٹھایا۔دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے مقدمات میں روپوش و مطلوب 9 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات، نقدی اور موبائل فونز برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ نوڈیرو پولیس نے دوران چیکنگ ملزم فدا سومرو کو چرس سمیت، مارکیٹ پولیس نے دوران چیکنگ سنگین نوعیت کے مقدمات میں روپوش تین ملزمان عرس، عمران اور قاسم کو، رحمت پور پولیس کا جوا کے اڈے پر چھاپا مارکر پانچ جواری عمران، راشد، نوید، آصف اور فرحان کو نقدی اور موبائل فونز برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔روڈخراب ہونے کے باعث ٹریفک حادثہ، ایک شخص جاں بحق۔ سات زخمی۔ شکارپور کے قریب خانپور رحیم آباد لاڑوکے مقام انڈس ہائی وے پر گزشتہ صبح شدید دھند کے باعث ٹرک، ٹرالر، اور دو موٹرسائیکلیں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں ، جس کے نتیجے میں ڈیرہ غازی خان کا رہائشی ٹرک ڈرائیورثنا اللہ بلوچ جاں بحق ہو گیا، جبکہ محمد امین، دلشاد بلوچ، ارباب لاشاری، فرید جتوئی، غلام علی جتوئی، ہاشم جتوئی اور گلزار آرائیں زخمی ہو گئے، جن کو فوری طور پر خانپور اسپتال منتقل کیا گیا، تین زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ریفر کردیا گیا،جبکہ آخری اطلاع تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہو سکا تھا۔