لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) رائس کینال کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے نوٹسز جاری ہونے کے خلاف علاقہ مکینوں نے لاہوری محلہ سے احتجاجی ریلی نکالی جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جناح باغ چوک پر پہنچی جہاں دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بڑی تعداد میں شریک کی، اس موقع پر علاقہ مکینوں اختیار علی کھرل، عبدالقادر اہیر، محمد مٹھل جونیجو و دیگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مبینہ طور پر نوٹس ملنے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے جاںبحق 55 سالا معشوق مگسی کیلیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ رائس کینال اور گھاڑواہ کے اطراف 60 سال سے بیٹھے ہیں، پہلے بھی سڑکوں کی تعمیر کیلیے گھر مسمار کیے گئے اب مکمل خالی کرنے کو کہا جا رہا ہے مکین کہاں جا کر چھت ڈھونڈیں گے؟ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ اقبال تونیو کا کہنا ہے کہ شہر کے وسط سے گزرنے والی رائس کینال اور گھاڑ واہ کے اطراف 1 سو 60 فٹ تک زمین محکمہ آبپاشی کی ہے، رائس کینال کے اطراف 120 فٹ تک قبضہ کر کے تعمیرات کی گئی ہیں، جنہیں ہائی کورٹ کے احکامات پر مسمار کرنے کے لیے 16 دسمبر کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔