ملتان(خبرایجنسیاں)جمعیت علما اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ عوام صرف ایک ماہ انتظار کریںپھر آئین اور جمہوریت کے مطابق تبدیلی آئے گی۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ نے ملکی سیاسی جمود کو توڑا ہے، عوام کی قوت نے بتادیا ناجائز حکومت کو کوئی سہارا نہیں دے سکتا، اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں وزیراعظم استعفا دیں اور فوج کے بغیر دوبارہ الیکشن کروائے جائیں، نئے الیکشن کے بغیر کوئی دوسرا راستہ حکومت کے پاس نہیں ہے۔فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے حوالے سے قانون بنانے میں کوئی حرج نہیں، یہ حکومت جعلی ہے اور یہ اہم قانون سازی ہے لہٰذا اس حکومت میں یہ کام نہیں ہونا چاہیے، اگر یہ ناجائز حکومت اس پر قانون سازی کرے تو پاک فوج کے سربراہ متنازع ہوجائیں گے۔سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ امریکا نے سی پیک کے حوالے سے سخت بیان دیا جب کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو سی پیک کی سزا دی جارہی ہے، سی پیک کو ایک سال تک معطل رکھا گیا اور جب دوبارہ کام شروع ہوا تو دھمکی آگئی۔