سانگلہ ہل(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سانگلہ ہل ریلوے اسٹیشن کی تعمیر و ترقی کے لیے 2 کروڑ روپے کی گرانٹ دی جائے گی‘ وزیر اعظم عمران خان کا استعفا حلوہ خور مولوی کا ڈراؤنا خواب ہے‘ اس نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں دورے کر کے دیکھ لیے‘ اس کے لیے انگور کھٹے ہیں‘ پی آئی سی لاہور پر حملہ کرنے والوں کو سزا کی بھٹی سے گزرنا پڑے گا‘ مقبوضہ کشمیر پر پی ٹی آئی کے متعلق سودے بازی کرنے کا بیان مولانا فضل الرحمن کی انتہائی غلیظ اور گھٹیا ترین سوچ ہے‘ عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ جس انداز میں پیش کیا ہے‘ ماضی میں کسی حکومت کے دور اقتدار میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ وہ جمعے کو ریلوے اسٹیشن سانگلہ ہل کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل ون کے لیے پاکستان اور چین کی حکومت نے الگ الگ کمیٹیاں بنا دیں ہیں‘ ایم ایل ون چین ہی بنائے گا‘ ایم ایل ٹو کے لیے روس نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہم نے ریلوے کو خسارے سے نکالنے کے لیے5 سال کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن جو رفتار جاری ہے اس میں 3 سال میں خسارے پر قابو پا لیں گے ۔