تلہار، ٹھٹھہ(نمائندگان جسارت) تلہار کے شہر و مضافات کے علاقوں راجو خانانی ، پیرو لاشاری، سعیدپور، رپ شریف، غلام شاہ، ڈندو سمیت سیکڑوں دیہات میں سردی کی پہلی بارش میں عوام دہری پریشانیو ں کا سامنا کرنے پر مجبور ہوگئے گھنٹوں تیز ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ ہونے والی بارش کی بعد مواصلاتی نظام درہم برہم ،سوئی گیس اور بجلی بھی غائب ہوگئی ، دوسرے دن بھی صبح سے بارش کی رم جھم جاری رہی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور مرچ، ٹماٹر، بھنڈی اور خربوزے کی فصل کو نقصان ہونے کا خدشہ ہے جبکہ دیہات میں راستے بند اور اسکولوں میں حاضری کم رہی ، بارش کی بعد سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ہے گرم کپڑوں ، خشک میوہ جات اور انڈوں کی خریداری بھی بڑھ گئی ہے محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔دوسری جانب ٹھٹھہ اور اس کے ہیڈ کواٹر مکلی، میرپورساکرو، گھارو ، گجو اور کیٹی بندر سمیت کئی علاقوں میں بارش رہی جبکہ کہیں ہلکی کہیں تیز ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے سردی اور ٹھنڈ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے گزشتہ روز گیارہ بجے کے بعد بارش شروع ہوئی جوکہ پندرہ منٹ سے زیادہ کہیں ہلکی کہیں زیادہ رہی بارش کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے نشیلی علاقے زیر آب آگئے تھے۔