سکھر میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں، محمد علی شیخ

98

سکھر (نمائندہ جسارت) شہر کی ٹھیکے پر دی جانیوالی یوسیز میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اپنی نگرانی میں کچرے کو ٹھکانے لگوایا۔ بدھ کے روز میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، ایکسیئن سہیل احمد میمن اور چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر پیر عطاالرحمن خان کے ہمراہ ٹھیکے پر دی جانے والی 6 یوسیز میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اچانک دورے پر نکلے اور شہر کے مختلف علاقوں بندر روڈ، ملٹری روڈ، مینارہ روڈ، گھنٹہ گھر سمیت دیگر علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر پیر عطاالرحمن خان نے میونسپل کمشنر محمد علی شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، میں خود نجی کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہوں، اپنی پوری استعداد اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کام کیا جارہا ہے، چند مسائل درپیش ہیں، جنہیں حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میونسپل کمشنر نے صفائی کی صورتحال تسلی بخش قرار دی اور چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ دورے کے موقع پر نجی کمپنی نمائندوں کو بھی موقع پر طلب کیا گیا اور ان سے بھی بریفنگ لی گئی۔