افغان مفاہمتی عمل: زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچیں گے

91

اسلام آباد (آن لائن) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد ایک روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ اہم سفارتی ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ امریکی خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد خطے میں امن وامان کی صورتحال، افغان طالبان اور امریکا کے مابین امن مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ سرکاری اور عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں امریکا اور افغان طالبان کے مابین مذاکراتی عمل کی بحالی کو خوش آئند قراردیا تھا۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھے گا اور اس سلسلے میں اپنا کردار اد ا کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان کے معاملات باہمی افہام وتفہیم سے افغان قیادت میںہونے چاہیے۔ واضع رہے کہ اس سے قبل افغان طالبان اور امریکا کے مابین مذاکرات کاسلسلہ روک دیا گیا تھا تاہم گزشتہ عرصے کے دوران افغان مفاہمتی عمل پر پھر سے کام شروع ہوگیا ہے جسے دونوںجانب سے خوش آئند قراردیا جارہا ہے۔
افغان مفاہمتی عمل