اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں شہید بینظیر بھٹو کا نام مٹانے کی کوشش کی جاتی ہے، اسلام آباد ائرپورٹ کے نام سے شہید بینظیرکا نام ہٹایا گیا، بینظیر کا نام سازشی لوگ مٹانے اور ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے لوگ انہیں بھول جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بینظیر بھٹو سے متعلق کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان میں جب کسی کا انتقال ہوتا تو میری والدہ اس کی بائیو گرافی لکھتی تھیں، ان کا کہنا تھا کہ والدہ کی شہادت ہوئی تو لوگوں نے توقع کی میں ان پر کتاب لکھوں، لیکن مجھ میں آج تک اتنا حوصلہ پیدا نہیں ہوسکا کہ اپنی والدہ پر کتاب لکھ سکوں۔ شہید بی بی کی کہانی کو کوئی نہیں رکوا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارے لیے بہت اچھی خبر یہ ہے کہ میرے والد کی ضمانت ہوئی ہے، آج یہ کہتے ہیں کہ یوٹرن لیے بغیر لیڈر نہیں بن سکتے جبکہ ہم نے یہ سیکھا ہے کہ اصولوں اور نظریے پر ڈٹے رہو، ہم پر یہ ذمے داری ہے کہ ہم دکھائیں، کرپٹ بھاگ جاتے ہیں، کرپٹ یوٹرن لیتے ہیں، جو اصولوں پرکھڑے ہوتے ہیں وہ خون دیتے ہیں، ہماری قیادت نہ کل کرپٹ تھی نہ آج، ہمیں سیاست اور معیشت میں خواتین کو ساتھ لے کر چلنا پڑے گا۔