محکمہ موسمیات :کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش کی پیش گوئی

1489

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں آج رات سے بارش کا امکان ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے تمام اضلاع اور بالائی خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے چندعلاقوں میں بارش جب کہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے ،جس کے بعد ملک میں سردی کی لہر میں اضافے متوقع ہے ۔

دریں اثنا ضلع استور میں بدھ کے روز شدید ترین برف باری کا سلسلہ جارہا، غذر میں شدید برفباری سے متعدد بالائی علاقوں میں سڑکیں بند ہیں۔ یاسین، پھنڈر اور اشکومن کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری کے سبب آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ، مستونگ، زیارت، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور موسٰی خیل، ژوب، بارکھان، آواران، قلات، خاران، سبی،کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور مکران میں بھی بارش کا امکان ہے۔