کراچی/اسلام آباد (نمائندگان جسارت) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا انتقام کے لیے نیب کو بطور آلہ استعمال کرنا پاکستانی شہریوں کے بنیادی حقوق پرحملہ ہے،ہمیں متحد ہوکر عوام کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے والی قوتوں کو روکنا ہوگا، جب
سلیکٹڈ لوگ پارلیمنٹ میں لائے جائیں گے تو قانون سازی بھی سلیکٹڈ ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا کہ ریاست کی جانب سے اپنے شہریوں سے معاہدے کا احترام اور ہر شہری کے انسانی حقوق کی بلا امتیاز پاسداری ضروری ہے، جب سے موجودہ حکومت مسلط ہوئی ہے ملک میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ ہوا ہے، حکومت نے آزادیِ صحافت سے لے کر آزادیِ انجمن و تنظیم جیسے حقوق کو دبانے والی مہم کی سرپرستی کی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت نے طلبہ اور شہید مشال کے والد کے خلاف پرچہ کاٹ کر ریاستِ مدینہ کے متعلق اپنے دعووں کو زمیں بوس کیا۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں عوام کو عزت سے جینے کے حق کو غصب کرنے کا باعث بن رہی ہیں،مگر پیپلزپارٹی مشکلاتوں کے باوجود انسانی حقوق کے معاملے پر کسی مصلحت کاشکار نہیں ہوگی۔حکومت یہ نہ سمجھے، انتقام کا نشانہ بناکر وہ پیپلز پارٹی کو عوامی حقوق سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنے میں کامیاب ہوگی، بطور انسانی حقوق کی علمبردار پیپلز پارٹی تمام تر تکلیفوں اور چیرہ دستیوں کے باوجود یہ جنگ لڑتی رہے گی۔
بلاول زرداری