بگ بورڈ اسکینڈل : نیب گلگت بلتستان کو ماموں بنانے کی کوشش ناکام

134

گلگت (اے پی پی) بگ بورڈ اسکینڈل میں نیب گلگت بلتستان نے احتساب عدالت میں اعتراضات داخل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ آکشن کمیٹی نے نیب کی منجمد کردہ زمین کے بجائے کسی اور کی زمین جس کی قیمت بھی بہت کم تھی کو نیلام کیا جس پر احتساب عدالت نے آکشن کمیٹی کی زمین کی نیلامی کی کارروائی کو کالعدم قراردے کر اسے منسوخ کر دیا۔ عدالت نے کلکٹر گلگت کو حکم دیا کہ وہ نیب کی جانب سے منجمد کردہ زمین کو 6جنوری تک نیلام کرکے رپورٹ جمع کرائیں۔ واضح رہے کہ نیب نے بگ بورڈ اسکینڈل کے سزایافتہ ملزم کا نپورہ بسین میں موجود ذاتی مکان اور ایک کنال زمین منجمد کر دی تھی ، نیب کی درخواست پر عدالت نے کلکٹر گلگت کو متعلقہ جائداد نیلام کرنے کا حکم دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نیلامی کے بعد نیب حکام پر یہ انکشاف ہوا کہ بگ بورڈ اسکینڈل کے سزایافتہ مجرم کی جائداد بہت قیمتی تھی لیکن اس کی جگہ سستی زمین کو نیلام کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس جائداد کی نیلامی سے حاصل رقم متاثرین میں تقسیم کی جانی تھی۔