احتساب عدالت: نیب کو حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی

183

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی جبکہ احتساب عدالت نے مسلم لیگ(ن) کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے فیملی ممبرز کے اثاثے منجمد کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج سنائے جانے کا امکان ہے۔ احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی۔ نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، گرفتار ملزم نثار گل سے ہونے والی تفتیش کے بعد نئے شواہد سامنے لائے ہیں، حمزہ شہباز سے بے نامی کمپنیوں کے خلاف انویسٹی گیشن کرنی ہے، جیل میں تفتیش کی اجازت دی جائے۔ جس پر عدالت نے حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔ علاوہ ازیں نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف فیملی کی جائدا اور کمپنیوں میں شیئرز کو منجمد کرنے کی درخواستیں دائر کررکھی ہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف، ان کی اہلیہ اور بیٹوں کے تمام اثاثے منجمد کیے جائیں۔ نیب نے جائداد منجمد کرنے سے متعلق ریکارڈ عدالت میں جمع کرادیا۔ نیب کے اسپشل پراسیکیوٹر حافظ اسد اعوان نے دلائل مکمل کرلیے، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔