امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہےکہ کشمیریوں سے بے وفائی کرنے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی، 22 کروڑ عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ جبکہ حکمرانوں کے دل کسی اور کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے زیر اہتمام مظفر آباد میں مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان اس وقت تنہا کھڑاہے،کشمیریوں سے بے وفائی کرنے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی، 22 کروڑ عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ جبکہ حکمرانوں کے دل کسی اور کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سمیت بیس کیمپ کے لاکھوں عوام 22دسمبر کو حکمرانوں کو جھنجوڑنے کے لیے اسلام آباد آئیں ان کا استقبال کریں گے،مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 130دن ہو چکے،پاک فوج5اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو محفوظ کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے،مقبوضہ کشمیر کو ہندوستان ایک اور اسرائیل بنانا چا ہتا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مودی نے امریکہ کو یقین دہانی کروائی ہے آپ افغانستان سے نکلیں باقی مسلمانوں کے خلاف اڈے میں فراہم کروں گا،پاکستان کے 22کروڑ عوام کشمیریوں کی پشت پر ہیں، پاک فوج کشمیریوں کی عملی مدد کر ے،حکمرانوں نے غفلت کا مظاہر ہ کیا تو پاکستان بنجر صحرا بن جائے گا۔
امیر جماور اسلامی نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر پر ابھی تک دوٹو ک موقف نہیں پیش کرسکی ایک بھی آل پارٹیز کانفرنس نہیں بلائی گئی،کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کی قومی قیادت ایک پیج پر ہے،بیس کیمپ کی حکومت کو پوری ریاست کی نمائندہ حکومت کے طور پر تسلیم کیا جائے،میں نے سینیٹ میں اعلان کیا کہ راجہ فاروق حیدر خان کو ریاست جموں وکشمیر کا وزیر اعظم تسلیم اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کو اپنا مقدمہ پیش کرنے کا حق فراہم کیا جائے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ٹرمپ اور مودی نے اسلام کے خلاف لڑنے کا اعلان کیا،اسلامی ممالک ہمارے ساتھ نہیں یہ ہماری سفارت کاری کی ناکامی ہے،پاکستان سفارتی محاذ پر جو کچھ کر سکتا تھا وہ نہیں کر رہا،کشمیر ہماری شہ رگ ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 370 اور 35A کے خاتمے کے بعد پاکستان کی فوج کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کشمیریوں کو بچانے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروے کار لائے، امریکہ اور برطانیہ سے امیدیں لگانے کے بجائے اللہ پر بھروسہ کریں،کشمیر کا مسئلہ برطانیہ کا ہی پیدا کردہ ہے،حکومت پاکستان کے اندرونی معاملات کو بالا ئے طاق رکھتے ہوئے بیرون ممالک میں کشمیر کا مقدمہ پیش کرے،وزیر اعظم کو وزراءاور میڈیا کے ذریعے مشورہ دیا کہ وہ تمام قومی اور کشمیری قیادت سے مشاورت کے بعد کشمیر پر روڈ میپ دیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ گے جماعت اسلامی نے پورے پاکستان میں کشمیر بچاؤمارچ منعقد کر کے رائے عامہ کو بیدار کیا،22دسمبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں عظیم الشان کشمیر بچاؤمارچ کریں گے،کشمیری قیادت کی مشاورت کی روشنی میں 22دسمبر کو لائحہ عمل کا اعلان کروں گا سید علی گیلانی نے وزیر اعظم پاکستان کے نام خط لکھا کہ آپ کب ہمارا ساتھ دیں گے، کیا لاشوں کو دفنانے کے لیے آئیں گے۔