لاڑکانہ ، بھانجے کے ہاتھوں ماموں اور استاد قتل ، ملزم فرار

146

 

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب کنگا تھانہ کی حد نور کالونی میں ملزم درشن اوڈ نے اپنے سگے ماموں اور پرائمری استاد سجن مل پر فائرنگ کرکے موقع پر قتل کرنے کے بعد فرار ہوگیا، اطلاع پر حد کے تھانے کی پولیس نے پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ اس موقع پر مقتول کے ورثا نے بتایا کہ مقتول سجن مل اوڈ سماجی کارکن اور پرائمری ٹیچر تھا، جسے ملزم نے گولیاں مار کر قتل کیا ہے۔ اس حوالے سے تھانہ کنگا کے ایس ایچ او لشکر لْہر نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ مقتول نے اس کے دو سگے بھائیوں کو قتل کروایا، جس کے عوض اس نے اپنے ماموں کو قتل کیا۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ رحمت پور پولیس نے دوران چیکنگ نذر روڈ سے ملزم مسلم بگھیو کو ڈیڑھ کلو چرس سمیت، مارکیٹ پولیس نے دوران چیکنگ شیوا منڈلی سے ملزم صمد بروھی کو آدھا کلو چرس سمیت، رحمت پور پولیس نے دوران چیکنگ بازیگر پل سے امیر چانڈیو کو پاؤ چرس سمیت، پیر مراد علی شاہ سے ملزم ساجد بوذدار کو چرس سمیت، لوہی پل سے ملزم علی نواز جانوری کو بھنگ سمیت، دوران چیکنگ سکندر کالونی سے ساجد اور خالد کلہوڑو کو مضر صحت گٹکوں سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر آئی ٹی سیکشن اور مارکیٹ پولیس نے جدید تیکنیکی سسٹم کے ذریعے چوری شدہ پانچ موبائل فونز برآمد کرکے مالکان کے حوالے کردیے ہیں۔ اے ایس پی سٹی لاڑکانہ محمد کلیم ملک نے برآمد شدہ موبائل فونز مالکان ثنااللہ، عبدالاحد، عبدالنبی، جاوید شیخ اور مختار کلہوڑو کے حوالے کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مہران کلہوڑو، سرفراز لانگاہ اور سعید مستوئی کی نشاندہی پر برآمدگیاں کی گئی ہیں، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔