نوابشاہ ، پختہ نہر کھودنے کیخلاف کاشتکار سڑکوں پر نکل آئے

108

 

نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) محکمہ آبپاشی عملے کی جانب سے پختہ نہر کو بھاری مشینوں سے کھود دیے جانے کیخلاف آباد گاروں کا احتجاج، صوبائی وزیر محکمہ آبپاشی ڈی جی رینجرز کو خطوط ارسال، انکوائری کا مطالبہ۔ مقامی کاشت کار رہنما ڈاکٹر منظور خشک نے میڈیا سینٹر میں ہنگامی پریس کانفرس کرتے ہوئے بتایا کہ کنڈیارو کے قریب نولکھی نہر جو کہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے ورلڈ بینک کی فنڈنگ سے لاکھوں روپے کی لاگت سے سیمنٹ کے سلیب بچھا کر پختہ کی گئی تھی، اس نہر کو محکمہ آبپاشی کے اہلکاروں نے بھاری مشینری کی مدد سے کھود دیا ہے، جس کی وجہ سے اس نہر سے سیراب ہونے والی گیارہ سو ایکڑ اراضی پانی سے محروم اور کاشت کار مظاہرے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انجینئر رفیق احمد ایس ڈی او نیاز راجپر کو شکایات کی گئیں تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر آبپاشی، سیکرٹری آبپاشی کے علاوہ ڈی جی رینجرز کو خطوط ارسال کیے ہیں۔ انہوں نے ذمے داروں کیخلاف کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔