لاہور (نمائندہ جسارت/صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان کا دوسرا نام ہے‘ وہاں کوئی بغاوت نہیں کرسکتا ‘ ایک مجرم باہر جاسکتا ہے تو ملزم کیوں نہیں‘ فضل الرحمن سے پوچھا جائے کہ وزیراعظم کا استعفا کہاں ہے؟ آج کا میڈیا بہت آزاد ہے‘ ذمے دار اور مضبوط ہے‘ آرمی چیف کا کیس ہو یا الیکشن کمشنر کا کیس یا پھر وزیراعظم کا کیس ہو‘ میڈیا بڑے ببانگ دہل تبصرہ کرتا ہے‘ پا کستان تحریک انصاف اب اپنے وعدے پورے کر کے دکھائے گی‘اب مہنگائی اور بے روزگاری کے مسائل دور کریں۔ ہفتے کو تاجروں کی تقریب سے خطاب اور نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے5 سال پورے کرے گی‘ مولانا فضل الرحمن سے پوچھا جائے کہ استعفا کہاں ہے؟ ‘ آرمی چیف سے متعلق قانون سازی ڈیڑھ ماہ میں ہو جائے گی‘ اب مہنگائی ، گورننس اور بے روزگاری کے مسائل دور کریں ۔شیخ رشید نے کہا کہ مارچ تک معاملات ٹھیک ہو جائیں گے ‘ اگر ایک مجرم باہر جاسکتا ہے تو پھر ملزم کو بھی باہر جانے کا حق ہے‘ حکومت میں مائنس ون کی کوئی بات نہیں‘ پی ٹی آئی ایک شخص کا نام ہے جو عمران خان ہے باقی وہاں سب مائنس ہے وہاں کوئی بغاوت نہیں کرسکتا‘ نواز شریف خاندان کی سیاست ختم ہے‘ شہباز شریف پر18 الزامات لگے ہیں ان کا جواب دیں‘مولانا فضل الرحمن کا دھرنا بری طرح ناکام ہوا ہے۔
شیخ رشید