کاشانہ ہومز کی افشاں لطیف کا چیف جسٹس اور آرمی چیف کو خط

1774

لاہور (نمائندہ جسارت) کاشانہ ویلفیئر ہومز کی سابق سپریٹنڈنٹ افشاں لطیف نے چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو تحفظ کے لیے خط لکھ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق افشاں لطیف نے خط میں کہا ہے کہ یتیم بچیوں کے ساتھ ہونے والے برے سلوک کو سامنے لانے کی سزا دی جا رہی ہے اور الزامات واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، مجھے اور میرے خاندان کو مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ واضح رہے تیم بچیوں کے لیے قائم کیے گئے سرکاری ادارے سوشل ویلفیئر اور بیت المال کی سابق سپریٹنڈنٹ افشاں لطیف نے اپنی برطرفی کی وجہ بتاتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ کاشانہ میں زیر پرورشن کم عمر بچیوں کی شادیاں نہ کروانا میرا جرم بن گیا، ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی ڈائریکٹر جنرل افشاں کرن امتیاز کی طرف سے کاشانہ میں موجود کم عمر بچیوں کی شادی کے لیے دباؤ ڈالا گیا جس کا مقصد اعلیٰ حکام اور ایک صوبائی وزیر کو نوازنا تھا۔ بعد ازاں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی افشاں کرن امتیاز کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔