شہباز شریف کے غیر جمہوری اور غیر آئینی مطالبات قبول نہیں ، فردوس عاشق

127

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بابری مسجد کی شہادت کے روزبھارتی فلم پانی پت کی ریلیز قابل مذمت ہے، فلم میں احمد شاہ ابدالی کے تشخص کو مسخ کیا گیا۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 27 سال قبل 6 دسمبر 1992ء کو انتہا پسند ہندوئوں نے بابری مسجد شہید کی تھی، اس دن کے موقع پر اس فلم کو ریلیز کرنا آر ایس ایس کے فاشسٹ نظریے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فلم میں احمد شاہ ابدالی کے کردار کو مسخ کیا گیا، وہ افغان عوام اور مسلمانوں کے بارے میں ان کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہیجب کہ انہوںنے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان میں غریب اور عام شہریوں کو اپنے گھر کی چھت کا تحفظ دینے کے لیے پیش رفت تیزی سے جاری ہے،وزیراعظم عمران خان نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں، تعمیر شدہ گھر کی فروخت کے مرحلے پر فکس ٹیکس کا نفاذ اور تعمیراتی مرحلے پر سیلز ٹیکس کا خاتمہ شعبہ تعمیرات کے فروغ اور ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔علاوہ ازیں انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف کے غیر جمہوری اور غیر آئینی مطالبات کو قبول نہیں کیا جاسکتا، اپوزیشن عوامی حمایت کھو چکی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف کو اب4برس انتظار کرنا چاہیے ، انہیں جمہوری حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر مایوسی ہوگی۔