جماعت اسلامی بزدل حکمرانوں کو کشمیر فراموش نہیں کرنے دے گی،سراج الحق

451

امیر جماعت اسلامی پاکستان و سنیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ  جماعت اسلامی بزدل حکمرانوں کو کبھی کشمیر فراموش نہیں کرنے دے گی،ہر آنے والا دن کشمیریوں پر گزرے ہوئے دن سے بھیانک ثابت ہورہا ہے مگر ہمارے حکمران نہ جانے کس غفلت میں ہیں۔

رحیم یار خان میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر مارچ کے حوالے سے ریلی سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹرسراج الحق نےکہاکہ 22دسمبر کو اسلام آباد میں  سنگ مرمر کے قبرستان میں کشمیر کی آواز بلند کریں گے، 22دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں عوام لے کر جائیں گے اور کشمیر پر حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کو توڑیں گے۔

انہوں نے کہاکہ  16دسمبر 1971ءمیں سقوط ڈھاکہ ہوا تھا، 5اگست 2019کو بھارت نے ایک اور سقوط ڈھاکہ کیا مگر آج کے حکمرانوں اور 1971ءکے حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں ہے،22کروڑ عوام کے دلوں کی دھڑکن کشمیر ہے، پاکستان کی سالمیت کشمیر کے پاکستان کے الحاق میں ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ  جماعت اسلامی پاکستان بزدل حکمرانوں کو کبھی کشمیر فراموش نہیں کرنے دے گی،آج کشمیر میں کرفیو کو 124دن ہوچکے ہیں،ہر آنے والا دن کشمیریوں پر گزرے ہوئے دن سے بھیانک ثابت ہورہا ہے مگر ہمارے حکمران نہ جانے کس غفلت میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کرفیو کی آڑ میں آر ایس ایس کے غنڈوں اور ہندوﺅں کو اسرائیل طرز پر آبادکاری کررہا ہے، کشمیر میں کشمیریوں کی اکثریت کو سوچی سمجھی سازش کے تحت اقلیت میں بدلا جارہا ہے، بھارت ہندو دہشت گرد کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کررہے ہیں، بھارتی فوجی ان کی پشت پناہی کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کو جان سے مار رہے ہیں اور خواتین کی عصمت دری میں اضافہ ہورہا ہے،مظلوم کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے چھٹکارا جذبہ جہاد سے ملے گا۔

سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر کے معاملے میں ناکامی پی ٹی آئی کو لے ڈوبے گی،ریاست مدینہ کے دعویدار عوام کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔