لاڑکانہ، گائوں کبڑو میں کتوں نے بچے کو حملہ کر کے شدید زخمی کردیا

302

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) گڑھی خدا بخش بھٹو کے گاؤں کبڑو میں آوارہ کتوں نے بچے کو حملہ کر کے شدید زخمی کردیا، آئے روز کتے کے کاٹے کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا، کتا مار مہم شروع نہ ہونے کے باعث بچے عدم تحفظ کا شکار ہونے لگے۔ لاڑکانہ اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی بہتات ہے اور لاڑکانہ کے قریب گڑھی خدا بخش میں کے گاؤں کبڑو میں تیسری جماعت کے طالب علم بچے کو چار آوارہ کتوں نے کاٹ کر زخمی کردیا۔ 8 سالہ مزمل کو اسکول سے آتے ہوئے کتوں نے ٹانگ، کمر اور پسلی پر کاٹ کر زخمی کردیا، بچے کو علاقہ مکینوں نے اسپتال منتقل کیا جہاں متاثرہ بچے کو اینٹی ریبیز ویکسین دی گئی جبکہ متاثرہ بچے کے والد کے مطابق میرے بیٹے کو کتوں نے ٹانگ پر کاٹ کر شدید زخمی کیا جس کو اسپتال میں ڈاکٹر نے طبی امداد دے کر ٹانگ پر 17 ٹانکے لگے ہیں، متاثرہ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ کتوں کے کاٹے کے متعدد واقعات رونما ہورہے ہیں۔ کمشنر آفس میں قائم اینٹی ریبیز ویکسین سینٹر انچارج کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں نومبر ماہ کے دوران کتے کے کاٹے کے کیسز سامنے آئے ہیں، جن کی تعداد 25 سو سے زائد ہے۔ ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، ڈسٹرکٹ کونسل و متعلقہ حکام کتا مار مہم شروع نہیں کرسکے۔