اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف کو ن لیگ کا کٹھ پتلی صدر قرار دے دیا۔فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں ان ہاؤس تبدیلی لائیں پھر پارلیمان میں تبدیلی کی بات کریں۔ ن لیگ کے صدر شہباز شریف ہیں لیکن فیصلے ان کی جگہ کوئی اور کرتا ہے، کٹھ پتلی صدر ہونے سے بہتر ہے کہ پہلے اپنی پارٹی کے حقیقی صدر تو بن جائیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا ان ہاؤس تبدیلی کا بیان بلی کے خواب میں چھیچھڑے کے مترادف ہے، ان حسرتوں کے لیے ان سے ہمدردی ہی کی جاسکتی ہے۔ ان ہاؤس تبدیلی کی شوبازی نہ کریں بلکہ پارلیمان میں آکر قانون سازی کی ذمہ داری پوری کریں۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ تبدیلکرنے کے معاملے میں اپوزیشن کو جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا وہ شاید شہباز شریف بھول گئے ہیں۔ بلاول اور مولانا فضل الرحمان بھی پارلیمان کی بالادستی کے اپنے دعوؤں پر عمل کریں۔ پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق اپنی جماعتوں کو یرغمال نہ بنائیں۔
فردوس عاشق