لاہور(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سابق اور موجودہ حکومت نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیاہے ، اب اس خوش فہمی اور فریب میں نہیں رہنا چاہیے کہ یہ حالات میں کوئی تبدیلی لاسکتے ہیں ، اداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ کا اعتراف خود حکمران کر رہے ہیں، ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں نے ہائی جیکرز کی طر ح معاشرے کو یرغمال بنا رکھاہے ۔ غربت ، جہالت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی جیسے مسائل کے ذمے دار یہی بے حس لوگ ہیں ،پی ٹی آئی خود اسٹیٹس کو کی محافظ بن چکی ہے ۔ طبقاتی معاشی اور تعلیمی نظام کے ذریعے یہ لوگ عام آدمی کا استحصال کر رہے ہیں ۔ 22 دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام اسلام آباد پہنچیں گے ۔ پتھر دل حکمران کشمیر میں ہونے والے ظلم وجبر اور قتل عام پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی و صوبائی سیکرٹریز اطلاعات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ15 ماہ گزر گئے مگر پی ٹی آئی حکومت عوام سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کر سکی ۔ حکمران عوام کو مسلسل جھوٹ بو ل رہے ہیں۔ یہ ناکام لوگوں کا ٹولہ ہے جو پارٹیاں بدل بدل کر عوام کو دھوکا دے رہاہے ۔ پی ٹی آئی سابق حکومتوں کا تسلسل ہے ۔ ان سے خیر کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عام آدمی مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں پس کر رہ گیاہے لوگوں کے لیے 2 وقت کے کھانے کا حصول مشکل بنادیا گیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پہلے لوگ سونا چاندی مہنگا ہونے کی باتیں کیا کرتے تھے اب آلو ، ٹماٹر ، پیاز کی قیمتوں کی بات کرتے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر گزشتہ 4 ماہ سے کربلا بنا ہواہے ۔ ہزاروں نوجوانوں کو اٹھا کر بھارتی جیلوں میں بند کردیا گیاہے ۔ کشمیری قیادت جیلوں میں بند اور گھروں میں قید ہے ۔ سیکڑوں بچیوں کو اٹھا کر انہیں درندگی کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔ کشمیری مائیں بہنیں بیٹیاں چیخ و پکار کر رہی ہیں مگر حکمران اندھے گونگے اور بہرے بنے ہوئے ہیں کوئی ان کی پکار سننے والا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب وزیراعظم نے سلطان ٹیپو بننے کی بات کی تو عوام خوشی سے جھوم اٹھے مگر بعد میں ٹیپو سلطان نے بازو پر کالی پٹی باندھ کرقوم کے سر شرم سے جھکا دیے ۔ انہوںنے کہاکہ 22 دسمبر کو ملک بھر میں لاکھوں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور سنگ مرمر کے قبرستان میں بیٹھے بے حس اور بے ضمیر حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ پاکستان کی بقا ، سا لمیت اور تحفظ کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے اگر حکمرانوں نے غیر ت و حمیت کا مظاہرہ نہ کیا تو جماعت اسلامی قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دے گی ۔
سراج الحق