چیف الیکشن کمشنر کی جلد از جلد تعیناتی کے حوالے سے شہباز شریف کا وزیراعظم کو ایک اور خط

331

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کی جلد ازجلد تقررری کے لیے وزیراعظم عمران خان کو ایک اور خط لکھ دیا ہے۔

شہبازشریف نے خط میں کہا کہ 6 دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر کی 5 سال کی آئینی مدت مکمل ہورہی ہے، چیف الیکشن کمشنر، ایک یا زائد ارکان کا تقرر نہ ہوا تو الیکشن کمشن غیرفعال ہوجائے گا جب کہ آئین کے آرٹیکل 213 ٹو اے کا تقاضا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کرے۔

شہبازشریف نے خط میں کہا کہ بلوچستان اور سندھ سے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لئے اتفاق رائے پر مبنی مشاورت ضروری ہے تاہم میرے عقلی ومنطقی استدلال کے باوجود بدقسمتی سے مشاورت میں کمیشن کے ارکان پر اتفاق رائے نہ ہونے سے تعطل پیدا ہوا، میں آپ پر زور دیتا ہوں کہ اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے اس مرتبہ مخلصانہ اور سنجیدہ کوشش کریں۔

واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا آج 5 سالہ آئینی مدت ملازمت پوری کرکے عہدہ سے سبکدوش ہوجائیں گے۔